آسٹریلیا کا افغانستان کیساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ

آسٹریلیا کا افغانستان کیساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ

فوٹو: فائل


سڈنی: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے افغانستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا نے افغان خواتین ٹیم کو کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر ٹیسٹ میچ منسوخ کرنے کا عندیہ دیا۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر طالبان نے خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہ دی تو وہ افغانستان کے ساتھ طے شدہ ہوبارٹ ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے لیے ہمارا وژن یہ ہے کہ یہ کھیل سب کے لیے ہے اور ہم ہر سطح پر خواتین کی اس کھیل میں شمولیت کی حمایت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا 27 نومبر کو افغانستان کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ کی میزبانی کرنے والا تھا اور کرکٹ آسٹریلیا نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ میچ کی منصوبہ بندی اچھے سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے افغانستان میں خواتین کے کھیلنے پر پابندی عائد کر دی ہے اور افغان خواتین کرکٹ ٹیم پر بھی پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ طالبان رہنما احمد اللہ وقاص کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خواتین کے ہر قسم کے کھیل پر پابندی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کا افغان خواتین کرکٹ ٹیم پر پابندی کا فیصلہ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے افغان خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا تھا کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنی چاہیے، افغانستان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں