شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیداد قرق


لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کی جائیداد قرق کر لی گئی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں صاف پانی ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران علی کی جائیداد قرقی کی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی۔

احتساب عدالت لاہور نے کیس کی کارروائی 23 ستمبر تک ملتوی کر دی جبکہ عدالت نے دیگر شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد کے پیش نہ ہونے پر انہیں 6 ماہ قبل اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ صاف پانی کمپنی بدعنوانی کیس میں کئی ملزمان کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے۔

ملزمان پر مالی بدعنوانیوں اور کروڑوں روپے کے فراڈ  کا  الزام  ہے جس کے باعث ملکی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔

نیب کے مطابق بہاولپور میں 116 فلٹریشن پلانٹس انتہائی مہنگے داموں لگائے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: نور مقدم قتل کیس، ملزم کے والد نے کہا گھبرانے کی ضرورت نہیں، چالان

نیب کی جانب سے دائر ریفرنس 250 سو سے زائد صفحات اور 9 جلدوں پر مشتمل ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے  345 ملین کی کرپشن کی۔

نامزد افراد پر باہمی ملی بھگت سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور بڈنگ کے کاغذات میں ردوبدل کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں