چیف سیلکٹر کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تبدیلیوں کا عندیہ


قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سیلکٹر محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم میں تبدیلیوں سے انکار نہیں کریں گے جس کا اعلان رواں ہفتے کے اوائل میں کیا گیا تھا کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قواعد کے مطابق 10 اکتوبر تک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

محمد وسیم نے اعتراف کیا کہ قومی ٹیم میں مڈل آرڈر بلے بازوں کے ساتھ مسائل تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بابراعظم اور محمد رضوان کی شکل میں مضبوط اوپننگ بلے باز موجود ہیں، مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کو بھی آزمایا ہے جنہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

وسیم نے آصف، خوشدل اور اعظم کو منتخب کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ سب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی نے پی ایس ایل میں پاور ہٹر کی حیثیت سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور خوشدل شاہ نے حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں بہتری دکھائی۔ اعظم خان نے پی ایس ایل میں بھی اچھا اسٹرائیک ریٹ برقرار رکھا۔

اعظم ٹیم کے ریزرو وکٹ کیپر بھی تھے، وسیم نے کہا کہ پی سی بی کا خیال ہے کہ ضرورت پڑنے پر کھلاڑی اس کردار میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتا ہے۔

سابق کپتان سرفراز احمد کے قومی اسکواڈ سے باہر ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر چیف سلیکٹر نے اشارہ دیا کہ مستقبل قریب میں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں