پارلیمنٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا، فرخ حبیب


فیصل آباد: وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جو فیصلہ ہو گا اس پر عملدرآمد ہو گا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال دنیا کے بڑے ملکوں میں ہوتا ہے اور الیکشن کمیشن نے اپنی استعداد پر ہی سوالات اٹھا دیے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نئی فہرستیں تیار کی گئیں کیونکہ پرانی فہرستوں میں لاکھوں بوگس ووٹ درج تھے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اعتراضات خود اپنے ہی اوپر اٹھا دیے جبکہ ہم تو انتخابی اصلاحات کر کے الیکشن کمیشن کی مدد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی پیدوار ہمیں کہتے ہیں کہ وزیر اعظم ہاؤس دھاندلی کا گڑھ بنا دیا لیکن صاف شفاف انتخابات کی بنیاد الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہی ہے اور دنیا شفاف انتخابات کے لیے ای وی ایم مشین پر کام کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں 50 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل

وزیر مملکت نے کہا کہ حزب اختلاف نے ای وی ایم مشین کو دیکھے بغیر مسترد کر دیا جبکہ الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز میڈیا کو پہلے اور حکومت کو بعد میں ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے اور جو فیصلہ پارلیمنٹ میں ہو گا اسی پر عملدرآمد ہو گا۔


متعلقہ خبریں