کوہلی کپتانی سے اکتا گئے، قیادت روہت شرما کو دینے کا فیصلہ


بھارت کے کپتان ویرات کوہلی ٹی  20 ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت چھوڑ سکتے ہیں۔

ویرات کوہلی تینوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرتے ہیں۔ لیکن ان کا ماننا ہے کہ اس سے ان کی پرفارمنس متاثر ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ویرات کے بعد کپتانی کی ذمہ داری روہیت شرما کو دی جا سکتی ہے۔

روہیت شرما اپنی کپتانی میں ممبئی انڈینز کو 5 بار آئی پی ایل کا خطاب دلا چکے ہیں۔ دوسری طرف ویرات کوہلی نے بطور کپتان اب تک ایک بھی آئی سی سی تو کیا آئی پی ایل ٹرافی بھی نہیں جیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد عالم کوہلی ٹنڈولکر گواسکر سےبھی آگے

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ویرات کوہلی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد اس بات کا اعلان خود کریں گے، کھلاڑی کا ماننا ہے کہ انہیں اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور وہ دنیا کا بہترین بیٹسمین بننے کے خواب کو ہی پورا کرنا چاہتے ہیں۔

32 سالہ کوہلی اب تک 95 ون ڈے میچوں میں بھارت کی قیادت کر چکے ہیں، جن میں سے وہ 65 جیتے ہیں جبکہ 27 میں شکست ہوئی۔ ویرات کوہلی کی جیتنے کی شرح 70.43 فیصد ہے۔

جبکہ کوہلی 45 ٹی 20 میں کپتانی کر چکے ہیں جن میں سے 27 میں فاتح رہے اور صرف 14 میں شکست ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:وسیم اکرم کی گیند بازی کھیلنے میں مجھے ضرور مشکلات ہوتی، ویرات کوہلی

دوسری جانب 34 سالہ روہیت شرما نے 10 ون ڈے اور 19 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں  بھارت کی قیادت سنبھالی، ون ڈے میں آٹھ جبکہ ٹی 20 میں 15 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔

کوہلی کی کپتانی کی سب سے بڑی تنقید ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے آئی سی سی کی کوئی بھی اہم ٹرافی جیتنے میں ناکامی ہے۔
حال ہی میں بھارت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہار گیا ، جس کے بعد انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

 

 

 

 

 

 


متعلقہ خبریں