امن ہو گیا تو سی پیک رابطے افغانستان تک بڑھنے کی امید ہے، مواقع پیدا ہونگے: خالد منصور

سی پیک چین تک محدود نہیں، امریکی قونصلر سے بھی بات ہوئی ہے: خالد منصور

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے کہا ہے کہ افغانستان میں تعمیر نو سے بہت سارے مواقع پیدا ہوں گے اور چین بھی سی پیک و روابط کو بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن قائم ہو گیا تو سی پیک رابطے افغانستان تک بڑھنے کی امید ہے۔

آرمی چیف جنرل قمرباجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک پیش رفت پر غور

ہم نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع سی پیک سیکریٹریٹ میں منعقدہ اپنی پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد منصور نے کہا کہ سی پیک کے نئے منصوبوں پر غور کرنے کے لیے چین اور پاکستان کی مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کا اجلاس ماہ رواں کی 23 اور 24 تاریخ کو منعقد ہو گا۔

یہ اجلاس جولائی میں داسو حملے میں 9 چینی ورکرز کی ہلاکت کے بعد ملتوی ہو گیا تھا۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے ماہرین چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے کے لیے منصوبوں پر غور کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے کہا کہ سی پیک کے تحت چین سے لیے گئے 3 ارب ڈالرز کے قرضے کی ری شیڈولنگ کے لیے پاکستان کی درخواست پر دونوں ممالک میں بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے جس میں 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اس کے تحت 13 ارب ڈالرز کے منصوبے مکمل طور پر تیار ہو کر شروع ہو چکے ہیں جب کہ 12 ارب ڈالرز کے منصوبے حتمی مرحلے میں ہیں۔

خالد منصور نے بتایا کہ آج پاکستان کے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں سرمایہ کرنے والی چین کی آٹھ کمپنیوں کے سربراہان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور خصوصی اکنامک زون میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے مسائل کے حل کے لیے حکومتی کاوش کی تعریف کی۔

سی پیک کو آگے بڑھانے کیلئے خالد منصور کیساتھ ملکر کام کریں گے، چینی سفیر

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں میں خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ ان تمام زونز میں ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کرنے والوں کو الگ الگ دفاتر میں تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اکنامک زون میں انتظامی کمپنیوں کو مکمل بااختیار کریں گے تاکہ سرمایہ کاروں کے مسائل موقع پر حل ہو سکیں

خالد منصور نے واضح کیا کہ فیصل آباد خصوصی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کرنے والی چینی کمپنیوں نے زمین لیز پر نہیں بلکہ ملکیتی بنیادوں پر لی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا چینی کمپنیاں زرعی زمین بھی ملکیتی حقوق پر لیں گی تو ان کا کہنا تھا کہ اس پر ابھی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اب توانائی اور سڑکوں کے علاوہ دیگر منصوبوں پر کام ہو گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے سی پیک منصوبوں کی حمایت کی ہے کیونکہ یی ایک جماعت کا نہیں بلکہ قومی منصوبہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سی پیک منصوبوں میں کرپشن کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن پراجیکٹس کی رفتار سست ہے ان پر ایکشن پلان بنایا گیا ہے اور جو پراجیکٹ تاخیر کا شکار ہیں ان پر نظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان پر فالو اپ کرکے ان کو تیز بنانے کی کوشش کریں گے۔

بھارت سی پیک میں کامیابی نہیں چاہتا، شیخ رشید احمد

خالد منصور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور چین کو اس پر اعتماد میں لیا گیا ہے جس کے بعد ہی منصوبوں پر دوبارہ کام شروع ہو رہا ہے۔


متعلقہ خبریں