این سی آر سی: حقوق پاکستان پروجیکٹ کیلیے اداکار احسن خان سفیر برائے خیر سگالی مقرر

این سی آر سی: حقوق پاکستان پروجیکٹ کیلیے اداکار احسن خان سفیر برائے خیر سگالی مقرر

اسلام آباد: پاکستان میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے  نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی) نے حقوق پاکستان پروجیکٹ کے لیے ممتاز اداکار احسن خان کو اپنا خیر سگالی کا سفیر مقرر کردیا ہے۔ حقوق پاکستان پروجیکٹ این سی آر سی اور یورپی یونین کا مشترکہ پروجیکٹ ہے۔

اداکار عمران عباس: ترکی نے سفیر برائے خیر سگالی مقرر کردیا

شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار احسن خان بچوں کے حقوق اور ان کے فروغ کے لیے کام کریں گے، ملک میں کمزور بچوں کے مسائل کے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، پسماندہ بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے لوگوں کو ترغیب دیں گے اور بچوں کو زیادتی ، استحصال ، تشدد اور نظراندازی سے بچانے کے لیے آواز بلند کریں گے۔

اس ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن این سی آر سی افشاں تحسین نے توقع ظاہر کی کہ معروف اداکار احسن خان کی شمولیت سے معاشرے کے مختلف طبقات میں بچوں کے حقوق سے آگاہی کا شعور پھیلانے میں مدد ملے گی۔

افشاں تحسین نے اس موقع پراحسن خان کی شوبز انڈسٹری میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت سے لوگوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بچوں کے متعلق لوگوں کی سوچ و فکر میں مثبت تبدیلیاں لانے کا مؤجب بنیں گے۔

مہوش حیات خیرسگالی کی سفیر مقرر

فلم و ٹی وی کے ممتاز اداکار احسن خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ این سی آرسی کا سفیر برائے خیر سگالی نامزد ہونا ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زندگیوں میں سے ایک لمحہ سب کو نکال کر ضرور سوچنا چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کے ساتھ صحیح سلوک کر رہے ہیں اور درست رویہ اپنا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بچوں کے بنیادی حقوق سے انکار پر کارروائی ہونی چاہیے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما جعفر نے کہا کہ این سی آر سی اور احسن خان کے درمیان شراکت داری ان مسائل کو حل کرنے میں معاون و مدد گار ثابت ہو گی جو ہمارے بچوں کو متاثر کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔

ماہرہ خان، ڈاکٹر ثانیہ نشتر دنیا کی 100 متاثر کن اور بااثرخواتین میں شامل

سیما جعفر نے دعویٰ کیا کہ عوامی شخصیات بچوں کے حقوق کی وکالت کرنے اور ان کی زندگی میں دور رس تبدیلیاں لانے میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہیں۔


متعلقہ خبریں