کراچی:گزشتہ شب ستمبر کی تیسری گرم ترین رات قرار


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب ماہِ ستمبر  میں کراچی میں تاریخ کی تیسری گرم ترین رات ریکارڈ  کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں گزشتہ رات  درجہ حرارت 30 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کراچی میں 11 ستمبر 1962ء اور 5 ستمبر 2011ء کو کم سے کم درجۂ حرارت 30 اعشاریہ 6 ریکارڈ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کل بھی موسم گرم رہے گا، بارش کا امکان نہیں

محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی میں 20 ستمبر 1988ء کودرجہ حرارت 30 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج بھی درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد میں سمندری ہوائیں بند ہیں، جبکہ شمال مشرق کی سمت سے گرم ہوائیں چل رہی ہیں۔

سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ کراچی میں شمال مشرق اور مشرق میں آج بھی بادل بن سکتے ہیں۔ شہر میں کل کے مقابلے میں آج بارش کا امکان کم ہے، البتہ بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار  سرفراز کا کہنا ہے کہ گجرات میں موجود ہوا کا کم دباؤ سمندر کی جانب بڑھ گیا ہے۔ ہوا کے کم دباؤ کے پھیلاؤ کے باعث کراچی کی سمندری ہوائیں معطل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گیس نہ بجلی، اوپر سے ہیٹ ویو، کراچی والوں کیلئے تہری مصیبت

سردار سرفراز کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں کل صبح سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے جبکہ آئندہ 3 روز تک موسم گرم رہ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں  دو دن سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے ۔ گزشتہ روز دن بھر شدید گرمی کے بعد شام میں موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش کے باوجود درجہ حرارت میں کمی نہیں  دیکھی گئی۔


متعلقہ خبریں