نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم18سال بعد آج پاکستان میں کھیلے گی


پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ  راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم اٹھارہ18 سال بعد آج پاکستان کے میدان میں اترے گی۔

میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا اور صرف25 فیصد تماشائیوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ اسٹیڈیم میں داخلے کےلیے ٹکٹ کے ساتھ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ بھی دکھانا ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم دو اسپنرز اور تین تیز گیند بازوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ فاسٹ بالر حارث رؤف،حسن علی، شاہین آفریدی نیوزی لینڈ کی وکٹیں اڑانے کو تیار ہیں۔

اسپنرعثمان قادراور شاداب خان نیوزی لینڈ کے لیے خطرناک ہتھیار ثابت ہوسکتے ہیں۔ بابراعظم، فخرزمان، محمد رضوان بھی بڑا اسکور کرنے کےلیے پرعزم ہیں۔  بابراعظم کو نان ریگولر اسپنر افتخار احمد اور سعود شکیل کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔

نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام بلنڈل سیریز سے باہر ہوگئے۔ کیویز نے ٹی 20اسکواڈ میں شامل ڈیرل میچل کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ بلنڈل بنگلہ دیش کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں فٹنس مسائل سے دوچار ہوئے تھے۔

ڈی آر ایس ٹیکنالوجی نہ ہونے کی وجہ سے یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ سیریز کا حصہ نہیں ہے۔ اسے عام سیریز قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مجموعی طور پر ایک سو سات ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

قومی ٹیم نے55جیتے اور اڑتالیس میں نیوزی لینڈ کامیاب رہی، ایک برابر جبکہ تین منسوخ ہوئے۔

قومی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے درمیان بیس ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گئے ہیں۔ پاکستان نے سترہ میں کامیابی سمیٹی تین میں شکست کی خفت اٹھانا پڑی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک اکیس ون ڈے سیریز کھیلی جاچکی ہے۔ پاکستان میں صرف چھ میں کامیابی حاصل کی۔ مہمان ٹیم نے بارہ جیتی، جبکہ تین برابر رہی۔


متعلقہ خبریں