الیکشن کمیشن ہمیں ڈانٹ بھی سکتا ہے، چیئرمین نادرا


نادرا کے چیئرمین طارق ملک کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، وہ ہمیں ڈانٹتے بھی ہیں تو ڈانٹ سکتے ہیں، یہ ان کا حق ہے۔

طارق ملک نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو آرڈر نہیں کر رہے۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ ای سی پی نے ہمیں زبانی گو ہیڈ دیا، اس کے بعد آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے اجازت مانگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہو سکتی ہے، ہم نے ان کے کہنے پر اسٹریٹیجی بنائی، پروجیکٹ پلان دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم نادرا کے ماتحت نہیں، الیکشن کمیشن

طارق ملک کا کہنا تھا کہ تکنیکی لوگ تکنیکی بات چیت کرتے ہیں تو غلط فہمی ہوئی ہوگی۔ انہوں نے کہا پاکستان جاؤں گا تو غلط فہمی دور کروں گا، ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت تعاون کرتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین نادرا کے خط کےجواب میں کہا تھا کہ خط کے متن سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ الیکشن کمیشن نادرا کا ماتحت ادارہ ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا نادرا پہلے بتائے کہ اس نے آئی ووٹنگ کا سابق منصوبہ کیوں چھوڑا؟ جس پر 6 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ ہو چکے تھے،اگر موجودہ نظام میں کوئی خامیاں تھی تو اس کا ذمہ دار کون ہے، کیا کسی پر ذمہ داری کا تعین کیا گیا؟

نادرا آئی ووٹنگ کےلیے 2 ارب 40 کروڑ روپے کا نیا معاہدہ کرنا چاہتا ہے، خط کے متن سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ نادرا الیکشن کمیشن کو حکم دے رہا ہے۔

خیال رہے کہ نادرا نے الیکشن کمیشن کو کہا تھا کہ وہ آئی ووٹنگ کے حوالے سے نادرا کے مجوزہ نظام پر مثبت پیش رفت کرے۔


متعلقہ خبریں