دہشت گرد گروہوں کو معافی کی پیش کش مظلوموں کی توہین ہے، بلاول بھٹو


 چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  کا کہنا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو معافی کی پیش کش دہشت گردی کا شکار ہونے والے ہزاروں مظلوموں کی توہین ہے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ  ٹوئٹر پر ایک  پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر موجود دہشت گرد گروہوں کو معافی کی یکطرفہ پیش کش کا فیصلہ دہشت گردی کا شکار ہونے والے ہزاروں مظلوموں کی توہین ہے۔

ان  کا کہنا ہے کہ مشرقی و مغربی سرحدوں اور پاکستان کے اندر مذہبی انتہا پسندی کو خوش کرنے کی عمران کی پالیسی آنے والے وقت میں ہمارا پیچھا کرے گی۔

یاد رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں ٹی ٹی پی کو مشروط معافی کی پیش کش کی ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں  نے کہا ہے کہ اگر تحریک طالبان پاکستان دہشتگردی میں ملوث نہ ہونے کا وعدہ کرے اور پاکستان کا آئین تسلیم کرے تو پاکستان انھیں معافی دینے پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیان صدر عارف علوی کی جانب سے دیے گئے ایک انٹرویو کے کچھ روز بعد سامنے آیا ہے۔

اپنے انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہا تھا کہ حکومت کالعدم ٹی ٹی پی کے ان افراد کو ایمنسٹی دینے کا سوچ سکتی ہے جو ہتھیار ڈال کر پاکستانی آئین کو تسلیم کریں اور وہ جرائم میں ملوث نہ ہوں۔

وزیر خارجہ کے بیان پر  اپوزیشن کی جانب سے  شدید تنقید کی جا رہی ہے


متعلقہ خبریں