اعظم خان کو سرفراز احمد پر فوقیت دی گئی، عامر خان


کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ اعظم خان کو سرفراز احمد پر فوقیت دی گئی۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی اسپورٹس اینڈ کلچر کمیٹی نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا کہ کراچی کے بچوں کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم خان کو سرفراز احمد پر فوقیت دی گئی ہے۔ ہمیں بتایا جائے کیا اعظم خان کی سرفراز احمد سے کارکردگی اچھی ہے ؟ فواد عالم کو 10 سال تک نظر انداز کیا گیا اور جب کھیلا تو 5 سنچریاں بنائیں۔

عامر خان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب قومی ٹیم میں کئی کھلاڑی کراچی سے ہوتے تھے۔ سرفراز احمد نے قومی ٹیم کو ٹی 20 چیمپیئن بنوایا جبکہ شہری سندھ کے کئی کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دی لیکن اس شہر کے تمام زبانیں بولنے والے کھلاڑیوں کو نظرانداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کئی ایسے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں موقع دیا گیا جنہوں نے پرفارمنس نہیں دی۔ اس لیے ہم قومی اور صوبائی اسمبلی میں بھی ان زیادتیوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کی صبح ہی صبح ملائی چائے، گپ شپ، ویڈیو وائرل

رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ ہم ہر فورم پر احتجاج کریں گے اور اگر نیشنل اسٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے۔

عامر خان نے رمیز راجہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کے کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں۔


متعلقہ خبریں