شاہ محمود قریشی سے کینیڈین وزیر خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عالمی برادری افغانستان کی معاشی وانسانی بنیادوں پر معاونت کے لیے آگے بڑھے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کینیڈین ہم منصب مارک گارنیو نے ٹیلی فون کیا اور دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان سے مذاکرات شروع کر دیئے، عمران خان

شاہ محمود قریشی نے کینڈین وزیرخارجہ کو اپنے حالیہ 4 ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ وزیر خارجہ نے افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن خطے کے امن و استحکام اور ترقی کے لیے ناگزیر ہے اس لیے عالمی برادری افغانستان کی معاشی وانسانی بنیادوں پر معاونت کے لیے آگے بڑھے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ نے کینیڈین وزیر خارجہ کے ساتھ، ہملٹن کینیڈا میں، پاکستانی کینیڈین شہری کی ہلاکت اور اس کے 63 سالہ والد فقیر علی کے اغوا کا معاملہ بھی اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: شرمیلا فاروقی کی صبح ہی صبح ملائی چائے، گپ شپ، ویڈیو وائرل

کینیڈین وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے کینیڈین حکومت معاملے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہے ۔

وزیر خارجہ نے کینیڈین ہم منصب سے مطالبہ کیا کہ وبائی صورتحال میں بہتری کو پیش نظر رکھتے ہوئے طلبا اور کاروباری حضرات کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے ویزہ ایڈوائزری پر نظر ثانی کی جائے۔


متعلقہ خبریں