پی ٹی آئی کارکنان کا اپنے ہی رکن اسمبلی کیخلاف مظاہرہ

فائل فوٹو


کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان نے اپنے ہی رکن اسمبلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پی ٹی آئی کے کارکنان نے بلدیہ ٹاؤن سے اپنے ہی رکن اسمبلی ملک شہزاد کے خلاف گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین ترقیاتی فنڈز میں مبینہ خردبرد کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

مظاہرین نے مبینہ کرپشن کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے اور رکن اسمبلی ملک شہزاد کے خلاف نعرے لگائے۔ پی ایس 116 سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے کارکنان نے الزام لگایا کہ رکن صوبائی اسمبلی کرپشن میں ملوث ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن بتا دے کہ ای وی ایم میں کیا خرابی ہے، سینیٹر فیصل جاوید

پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان سمیت دیگر رہنماؤں نے کارکنان سے مذاکرات کی کوشش کی جو ناکام ہوئی مظاہرین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ مذکورہ حلقے سے منتخب رکن اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے اور کرپشن کی تحقیقات کی جائیں تاہم بعد ازاں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔

گورنر ہاؤس کے باہر مظاہرین کا احتجاج 4 گھنٹے تک جاری رہا جبکہ مظاہرین نے دو روز بعد پھر احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔


متعلقہ خبریں