موڈرنا ویکسین فائزر اور جانسن اینڈ جانسن سے زیادہ مؤثر

موڈرنا ویکسین فائزر اور جانسن اینڈ جانسن سے زیادہ مؤثر

فوٹو: فائل


واشنگٹن : کورونا کے خلاف موڈرنا ویکسین فائزر اور جانسن اینڈ جانسن کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کی جانب سے جاری نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ موڈرنا کی کووڈ ویکسین بیماری سے متاثر افراد میں اسپتال کے داخلے کی روک تھام کے لیے مؤثر ترین ہے۔

اس تحقیق میں 5 ماہ کے عرصے کے دوران موڈرنا، فائزر، بائیو این ٹیک اور جانسن اینڈ جانسن ویکسینز کی افادیت کا موازنہ کیا گیا۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ موڈرنا ویکسین کے استعمال سے اسپتال میں داخلے کا خطرہ 93 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ فائزر ویکسین میں یہ شرح 88 فیصد اور جانسن اینڈ جانسن ویکسین میں 71 فیصد دریافت کی گئی۔

تحقیق میں مارچ سے اگست 2021 کے دوران 18 امریکی ریاستوں کے 21 اسپتالوں میں زیرعلاج رہنے والے 36 سو سے زیادہ کورونا مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ابو ظہبی میں داخلے کیلئے کورونا ٹیسٹ کی شرط ختم

تحقیق میں بتایا گیا کہ ویکسینیشن مکمل ہونے کے 4 ماہ بعد تک موڈرنا اور فائزر ویکسینز کی اسپتال میں داخلے کی روک تھام کے حوالے سے افادیت لگ بھگ ایک جیسی تھی۔ مگر 5 ویں مہینے میں فائزر کی افادیت 91 فیصد سے گھٹ کر 77 فیصد تک پہنچ گئی، مگر موڈرنا کی افادیت میں 5 ویں مہینے میں محض ایک فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔

محققین نے بتایا کہ اگرچہ حقیقی دنیا کے ڈیٹا میں ویکسین سے ملنے والے تحفظ کی شرح کچھ حد تک مختلف ہوسکتی ہے، مگر تمام ویکسینز سے اسپتال میں داخلے کے خطرے سے ٹھوس تحفظ ملتا ہے۔


متعلقہ خبریں