بھارتی اینکر پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرتے آن سکرین پکڑے گئے


بھارتی انتہا پسند گودی میڈیا کی جانب سے پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کرنا، بے بنیاد الزامات لگانا اور سفید جھوٹ پھیلانا کوئی نئی بات نہیں تاہم اس بار بھارتی ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی نے اپنے قابل بھروسہ ذرائع سے بار بار دعویٰ کیا کہ کابل کے سرینا ہوٹل کا پانچواں فلور پاک فوج کے افسران کے پاس ہے۔

بھارت میں سنسنی خیز اور پاکستان مخالف سمجھے جانے والے نیوز چینل ریپبلک ٹی وی کے اینکر ارنب گوسوامی نہ صرف آن سکرین جھوٹ بولتے رہے بلکہ یہ بھی کہتے رہے کہ ’میں اپنے ذرائع سے یہ بھی بتا سکتا ہوں کہ پانچویں منزل پر قیام پذیر پاکستانی افواج کے افسران نے کھانے کیلئے کیا منگوایا‘۔

حقیقت یہ ہے کہ ارنب گوسوامی جس ہوٹل کی بات کر رہے ہیں اس میں پانچویں  تو کیا چوتھی منزل بھی نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: عامرلیاقت کو مارا جانیوالا پاکستانی کرنل قرار دے دیا

پروگرام میں شریک پاکستانی مہمان عبد الصمد یعقوب نے اینکر کے ذرائع کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ’کابل میں سرینا ہوٹل کی صرف 2 منزلیں ہیں وہاں کوئی تیسری، چوتھی یا پانچویں منزل نہیں‘۔

سوشل میڈیا پر ری پبلک ٹی وی کا یہ کلپ تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں ارناب گوسوامی اور پاکستان مخالف سمجھے جانے والے بھارتی میجر جنرل (ر) گگن دیپ بخشی بھی موجود ہیں۔

جھوٹا پروپیگنڈا بے نقاب ہونے کے باوجود بھی ارناب گوسوامی ڈھٹائی سے قائم رہتے ہیں۔  ٹوئٹر پر بھی ارناب گوسوامی کا ہیش ٹیگ اور یہ کلپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

پاکستانی مہمان کی بات کا بھارتی اینکر کے پاس کوئی منطقی جواب نہیں تھا۔ اپنے معمول کے مطابق ارنب گوسوامی نے اپنے جھوٹے پروپیگنڈے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر کلپ وائرل ہونے کے بعد ہم نیوز نے کابل میں موجود سرینا ہوٹل کی انتظامیہ کو کال کی اور پانچویں منزل پر3 دن کیلئے ایک کمرہ بک کرنے کا کہا۔

دوسری طرف سے ہوٹل کے ملازم کی آواز آئی کہ’ جناب ہمارے ہوٹل میں صرف دو منزلیں اور چار بلاک ہیں جہاں کمرے بکنگ کیلئے دستیاب ہیں‘۔

ہم نیوز نے دوبارہ پوچھا کہ’ کیا واقعی آپ کے ہوٹل میں پانچویں منزل نہیں ہے؟ تو منیجر نے کہا کہ ہمارے ہوٹل کی دو ہی منزلیں ہیں اور ہم آپ کیلئے پہلی یا دوسری منزل پر کمرا بک کرسکتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت نے شان اور عمیر جیسوال کو بھی پاکستان کا شہید فوجی بنا دیا

اس سے قبل بھارتی میڈیا نے امریکی طیارے اور ویڈیو گیمز کے پرانے مناظر دکھا کر یہ دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان کی وادی پنجشیر میں ایک پاکستانی جیٹ طیارے نے کارروائی کی ہے۔

ری پبلک ٹی وی اور ہندی نیوز چینل ‘زی ہندوستان‘ نے چھ ستمبر کو ایک فوٹیج نشر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرونز وادی پنجشیر میں طالبان مخالف جنگجوؤں پر بمباری کررہے ہیں۔ جو بعد میں جھوٹ ثابت ہوئی۔

 


متعلقہ خبریں