ایمی ایورڈز کا تاج نیٹ فلیکس نے ایچ بی او سے چھین لیا


73ویں ایمی ایوارڈ کی شام نیٹ فلکس کے نام رہی۔ برطانوی شاہی خاندان کے حالات پر مبنی سیریز دا کراؤن اور دا کوئینز گیمبٹ نے 11،11 ایوارڈز اپنے نام کرکے میلہ لوٹ لیا۔

دا کراؤن نے آؤٹ اسٹینڈنگ ڈرامہ سیریز کے ساتھ ساتھ بہترین اداکار اور اداکارہ کے ایوارڈز بھی اپنے نام کئے۔

دا کراؤن 80 کی دہائی میں شاہی خاندان اور بالخصوص لیڈی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے شادی اور ان کے شاہی خاندان کے ساتھ اتار چڑھاؤ کی کہانی ہے۔

دا کراؤن سے ملکہ الزبتھ دوئم کے کردار میں اولیویا کولمین نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا۔ پرنس چارلس اور پرنس فلپ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں جوش او کون اور ٹوبیاس مینزیزکو بھی بہترین اداکاری پر ایوارڈ دیا گیا۔

شطرنج کی چالوں کی طرح گھومتی  کہانی “دا کوئینز گیمبٹ” کو بہترین لیمیٹڈ سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

ایوارڈز کی دوڑ میں نیٹ فلکس کے تیار کئے گئے ڈرامے پہلی بار ایچ بی او سے آگے نکل گئے۔

2013 سے 2020 تک نیٹ فلیکس نے بہترین ڈرامہ اور بہترین لیمیٹڈ سیریز کی 30 نامزدگیاں حاصل کیں لیکن کبھی بھی ایچ پی اوز کی سیریز کوشکست نہیں دے سکی۔

یہ بھی پڑھیں: ایمی ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کا اعلان ہوگیا

اس بار ایچ بی او اور اس کے سٹریمنگ پلیٹ فارم نے 19 جبکہ نیٹ فلیکس نے 44 ایمیز ایوارڈز حاصل کیے۔

ایمی ایوارڈز ہر سال امریکہ میں ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے نمایاں پروگرامز کو دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈز امریکہ کی اکیڈمی آف ٹیلی وژن آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے دیے جاتے ہیں۔ ان ایوارڈز کا آغاز 25 جنوری 1949 کو ہوا تھا۔

سال2020 میں ایمی ایوارڈ کی ورچوئل تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں دنیا بھر سے فن کاروں نے آن لائن شرکت کی تھی۔ رواں سال بھی یہ ایوارڈ محدود پیمانے پر صرف 500 افراد کی شرکت کے ساتھ منعقد کیے گئے۔

 


متعلقہ خبریں