ملک کے بیشتر حصوں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام  آباد اور راولپنڈی میں بادل پرس پڑے اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ موسلا دھار بارش سے دونوں شہروں میں گرمی کی شدت کم ہو گئی جبکہ حبس سے بھی شہریوں کی جان چھوٹی۔

بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے اگلے تین روز تک مزید بارش کی پیشگوئی کر دی۔

موسلا دھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ ترجمان آئیسکو کا کہنا تھا کہ بارش سے متعدد فیڈرز پر فالٹ اور ٹرپنگ ہوئی ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد موسم سہانا ہو گیا۔ پنجاب کے علاقے مانانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرانک ووٹنگ مشین دھاندلی روکے گی، اپوزیشن ڈرتی کیوں ہے؟ بابر اعوان

خیبر پختونخوا کے علاقے ضلع بونیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ ایبٹ آباد اور لوئر دیر میں بھی بادل برسے۔ مانسہرہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ باجوڑ میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ شہر قائد میں بارش 23 سمتبر سے 25 ستمبر کے درمیان ہو گی۔ ملک میں داخل ہونے والی مون سون ہوائیں 25 ستمبر تک ملک کے بیشتر حصوں میں بارش کا باعث بنیں گی۔

سندھ کے اضلاع حیدرآباد، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹھٹہ اور بدین سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں