چیئرمین نیب کے معاملے پر شہباز شریف سے مشاورت نہیں ہو گی، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر شہباز شریف سے مشاورت نہیں ہو گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ہم نیوز کے پروگرام “ہم مہر بخاری کے ساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس قسم کا ماحول ہے اس میں الیکشن کمیشن کو خود بھی خیال کرنا چاہیے جبکہ الیکشن کمیشن کو ڈسکہ ہو یا سینیٹ الیکشن سب کو آگے لے جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم عمران خان کی بات اتنی چل رہی ہوتی تو یہ کرپٹ لوگ باہر نہ ہوتے جبکہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) سے ہمارے بھی شکوے ہیں۔ مریم نواز پر کلیبری فونٹ کا کیس جس طرح بنا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ  شہباز شریف، خواجہ آصف جیسے لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے کیونکہ شریف خاندان نے اربوں روپے لوٹے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر شہباز شریف سے مشاورت نہیں ہو گی کیونکہ شہباز شریف بڑے سیریز کیسز کا سامنا کر رہے ہیں۔ اٹارنی جنرل اور وزیر قانون مشاورت کر رہے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر اگر ملزم ہو تو کیا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا پاکستان کی ایجنسی کو مانتی ہے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انکوائری کسی کے خلاف بھی ہو سکتی ہیں اور شہباز شریف کے خلاف انکوائری نہیں تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں۔ نیب نے شہباز شریف کو ملزم قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملزم بتائیں کہ میرا تفتیشی افسر کون ہونا چاہیے تو یہ بڑا مضحکہ خیز ہے اس لیے چیئرمین نیب کی تعیناتی شہباز شریف سے پوچھ کر کرنا ممکن نہیں۔


متعلقہ خبریں