اپنے نئے کلب میں رونالڈو سپر اسٹار ۔۔ میسی ناکام


اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے لیے جہاں ان کی کلب ٹرانسفر انتہائی سود مند ثابت ہوئی ہے، وہیں سپر اسٹار لیونل میسی اپنی ٹرانسفر کے بعد اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے یووینٹس سے انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی کے بعد 3 میچوں میں 4 گول کر کے اپنی کارکردگی سب پر ثابت کر دی۔

وہیں دوسری طرف بارسلونا کے ساتھ طویل عرصے تک جڑے رہنے والے لیونل میسی فرنچ لیگ کے ماحول سے خود کو ہم آہنگ نہیں کر پا رہے۔ لیونل میسی نے پی ایس جی کی طرف سے 3 میچ کھیلے اور اب تک ایک گول بھی نہیں کر پائے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے 3 میچ کھیلے۔ اس دوران وہ 282 منٹ تک گراؤنڈ میں رہے اور یوں اپنی فٹنس کی بھی دھاک بٹھا دی۔

دوسری طرف لیونل میسی تین میں سے صرف ایک میچ ہی مکمل کھیل پائے۔ 190 منٹ تک گراؤنڈ میں رہے اور اپنی مثالی فٹنس بھی نہیں دکھا سکے۔ تین میچوں میں میسی کو ایک یلو کارڈ کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں:کرسٹیانو رونالڈو کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج

رونالڈو نے یووینٹس کی طرف سے کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کے بعد مانچسٹریونائیٹڈ اور یووینٹس کے درمیان ٹرانسفر ڈیل پر اتفاق ہوا اور ساڑھے چار ارب روپے تنخواہ کے ساتھ 2 سال کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ میں آ گئے۔

تاہم دوسری جانب میسی کا  مشہور ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کو 21 سال بعد خیر باد کہنا آسان نہیں تھا۔ میسی کا کہنا تھا کہ وہ اپنا کلب چھوڑنا نہیں چاہتے تھے لیکن تمام کوششوں کے باوجود ان کا کلب ان سے معاہدہ دوبارہ نہ کر سکا۔

جس کے بعد ارجنٹائن کے فٹ بال سٹار لیونل میسی نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) میں شمولیت اختیار کر لی۔

 

 


متعلقہ خبریں