این سی اوسی کی جانب سے نافذ پابندیاں 23ستمبر کو ہٹانے کا فیصلہ


پاکستان میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے نافذ تمام پابندیاں 23ستمبر سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں سے اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر کے لیے این پی آئیز 30 ستمبر تک نافذ رہیں گی۔ نافذ العمل این پی آئیز کا جائزہ 28 ستمبر کولیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تصدیق شدہ کورونا ویکسین کی فہرست جاری

وزارت صحت نے قومی سطح پر کورونا مثبت تناسب کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ ملک بھر میں 13 ستمبر سے 19 ستمبر تک کورونا مثبت کیسز کی شرح4 فیصد سے 6 فیصد کے درمیان رہی۔

ملک بھر میں 35 فیصد وینٹیلیٹر کورونا مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔ پاکستان کے پانچ شہر کورونا کے باعث ہائی الرٹ ہیں۔

فیصل آباد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 10 اشاریہ 70 فیصد ہے۔ میرپور میں10 اشاریہ 19، حیدرآباد9 اشاریہ 90، مردان8 اشاریہ 42 اور  مظفرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد ہے۔

وزارت صحت نے پاکستان میں تصدیق شدہ کورونا ویکسین کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔

وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں آٹھ قسم کی کورونا ویکسین استعمال کی جا رہی ہیں۔  پاکستان میں استعمال ہونے والی کورونا ویکسین میں سائنو ویک، سائنو فارم، ایسٹرازنکا اور موڈرنا شامل ہیں۔

فائزر، سپوتنک، پاک ویک اور کین سائنو کورونا ویکسین بھی پاکستان میں لوگوں کو لگائی جا رہی ہے۔

پاکستان میں استعمال ہونے والی 8 کورونا ویکسین میں سے چھ ڈبل ڈوز اور دو سنگل ڈوز ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے ڈبل ڈوز ویکسین کا دورانیہ 28 دن مختص کیا گیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں