پاکستان کی 70 فیصد آبادی کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی 70 فیصد آبادی کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن اصلاحات کو آگے لے کر بڑھنا ہو گا جبکہ ملک بھر میں پولیو کے کم کیسز رپورٹ ہوئے جو خوشی کی بات ہے۔7 ماہ میں پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی ملازمین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ایک سے 22 گریڈ کے افسران کے ہاؤس رینٹ الاؤنس میں 44 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور یہ نہیں ہوسکتا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت صحت کی کارکردگی کو بھی سراہا ہے اور ازبکستان کو بزنس ویزہ لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے قوانین کا ازسرنو جائزہ لے رہے ہیں اور قابل اعتراض ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ سینما کے شعبے کو مختلف مراعات دے رہے ہیں۔

مردم شماری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی مردم شماری 18 ماہ میں مکمل کی جائے گی جبکہ آئندہ حلقہ بندیاں اور انتخابات نئی مردم شماری کے بعد ہوں گے۔ اے ڈی آر سسٹم سے عدالتوں پر بوجھ کم ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈکیس: نواز شریف سے رقم کی برآمدگی کیلئے کارروائی شروع

فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی اور گوادر کو مزار شریف اور پھر تاشقند کو ریلوے کے ذریعے جوڑنا چاہتے ہیں جبکہ ای وی ایم کی مخالفت وہ کریں گے جن کو ٹیکنالوجی کا علم نہیں۔

کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیموں کے خلاف قانونی کارروائی پر مشاورت کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ادارے ہمارے ساتھ ہوتے تو پھر تو ہمیں اصلاحات کی ضرورت نہیں تھی۔ حزب اختلاف کو صرف اپنی جائیداد بچانے کی فکر ہے۔

مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجکستان میں چینی پاکستان سے 35 روپے فی کلو مہنگی ہے اور میں یہ بات ماننے کو تیار نہیں ہوں کہ لوگوں کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوا تاہم مانتا ہوں کہ میڈیا کے لوگوں کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا تاہم پاکستان کی 70 فیصد آبادی کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے حالات بہتر کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ کاٹن کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق پچھلے سالہ کی نسبت 160 فیصد اضافہ نظر آیا اور سبزیوں کی ایکسپورٹ کی پالیسی کو دیکھ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں