افغانستان سے اسمگل ہونے والی 445 ارب روپے مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی


افغانستان سے بھارت اسمگل کی جانے والی 445 ارب روپے مالیت کی ہیروئن پکڑی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام نے گجرات کی بندرگاہ پر 2700 کلوگرام ہیروئن ضبط کی ہے جس کی مالیت دو ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق متعلقہ اداروں نے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور کئی دیگر سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ افغانستان سے اسمگل ہونے والی ہیروئن کو ایران کے راستے بھارت پہنچایا گیا تھا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی کے حکام نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ انہوں نے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور بڑی مقدار میں ہیروئن کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ جب ہمارے افسران نے کنسائنمنٹ کو حراست میں لیا اور اس کی جانچ کی تو کنٹینرز سے مشتبہ نشہ آور ادویات برآمد ہوئیں اور ہیروئن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ  نئی دہلی، احمد آباد اور چینئی سمیت پورے ملک کے متعدد شہروں میں تلاشی لی جا رہی ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ اب تک کی گئی تحقیقات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان دنیا کا سب سے بڑا افیون پیدا کرنے والا ملک ہے۔ اس کی افیون کی فصل دنیا کی فراہمی کا 80 فیصد سے زیادہ ہے۔


متعلقہ خبریں