افغان کرکٹ بورڈ پاکستان کو دعوت دینے کا خواہشمند


کابل: افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کو ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے افغانستان آنے کی دعوت دے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ایک روزہ سیریز کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی۔ افغان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین عزیز اللہ فاضلی نے کہا ہے کہ وہ رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں پاکستان ٹیم کو ایک روزہ سیریز کے لیے میزبانی کی پیشکش کریں گے۔

چیئرمین افغان کرکٹ بورڈ نے خواتین کے کھیلوں میں حصہ لینے سے متعلق سوال پر واضح جواب نہیں دیا اور کہا کہ ان کا خطے میں کرکٹ کے حوالے سے اہم ممالک کے دورے کا بھی ارادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ بھارت، بنگلادیش اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے جہاں وہ کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا بھی دورہ پاکستان ملتوی کرنےکیلئے پر تولنےلگا

عزیز اللہ فاضلی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پاکستان کو اس سیریز کی میزبانی کی پیشکش کریں گے جو ستمبر میں سری لنکا میں کھیل جانی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان میں مستحکم کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں جو دیگر ممالک کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں کورونا وبا اور لاجسٹک مسائل کی بنا پر پاکستان اور افغانستان کے درمیان ستمبر میں تین میچوں کی ایک روزہ سیریز منسوخ کر دی گئی تھی، دونوں ممالک کے درمیان یہ سیریز 2023 کے ورلڈکپ میں کوالیفائی کے لیے ون ڈے لیگ کا حصہ تھی۔


متعلقہ خبریں