عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی طالبان قیادت سے ملاقات

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی طالبان قیادت سے ملاقات

کابل: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ  ٹیڈروس گیبریس نے افغانستان میں طالبان قیادت سے ملاقات کی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس گیبریس نے افغان دارالحکومت کابل میں قائم مقام وزیراعظم حسن اخوندزادہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں منجمد عالمی فنڈز سمیت انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے امداد کی تقسیم کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس گیبریس انتہائی اہم دورے پر کابل پہنچے جہاں انہوں نے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے بھی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران افغانستان میں انسانی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عالمی اداروں اور دیگر ممالک سے دی جانے والی امداد کی حکومت کو فراہمی اور اس کی عوام میں منصفانہ تقسیم کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری کمیونٹی نے مودی کیخلاف تاریخی احتجاج کا اعلان کر دیا

افغانستان نگراں وزیراعظم حسن اخوندزادہ نے اس اہم ملاقات میں افغانستان کے لیے مختص کیے گئے منجمد فنڈز کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا جو افغانستان میں ترقیاتی کاموں اور انسانی بحران سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

اس موقع پر ڈی جی ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت جنگ زدہ ملک میں انسانی تباہی کو روکنے کے لیے اپنی امداد بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے طالبان قیادت سے امدادی کارکنان کے تحفظ اور رکاوٹوں کو دور کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔


متعلقہ خبریں