امریکہ، فرانس میں کشیدگی کے بعد پہلا رابطہ:ماکرون کی سفیر کو واشنگٹن جانےکی ہدایت

امریکہ، فرانس میں کشیدگی کے بعد پہلا رابطہ:ماکرون کی سفیر کو واشنگٹن جانےکی ہدایت

واشنگٹن: امریکہ اور فرانس کے درمیان تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کم ہو گئی ہے جس کے بعد فرانسیسی صدر عمانوایل ماکرون نے اپنے سفیر کو واپس واشنگٹن بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔

فرانس سے ڈیل منسوخ، آسٹریلیا کا امریکا سے جوہری آبدوزیں خریدنے کا معاہدہ

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ دنوں پیدا ہونے والی شدید کشیدگی میں اس وقت کمی واقع ہوئی جب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب عمانوایل ماکرون کو ٹیلی فون کیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور تعلقات کو ایک مرتبہ پھر پرانی نہج پرلے جانے کا فیصلہ کیا۔

اس ضمن میں وائٹ ہاؤس اورایلزی محل کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدرماکرون نے فرانسیسی سفیر کو واشنگٹن واپس جانے کی ہدایت دے دی ہے۔

واضح رہے کہ انہوں ںے امریکہ اورآسٹریلیا کے درمیان آبدوزوں کی خریداری کا معاہدہ طے پانے کے ردعمل میں واشنگٹن سے اپنے سفیر کوواپس بلا لیا تھا۔ فرانسیسی سفیر واشنگٹن تقریباً ایک ہفتے بعد واپس جائیں گے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک اس موضوع پر مزید مشاورت کریں گے اور ان کا اجلاس اکتوبر میں ہوگا۔

چین اور امریکہ کی سرد جنگ: ماضی سے مختلف اور زیادہ خطرناک ہو گی، اقوام متحدہ

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ ایک مضبوط اور زیادہ قابل اعتبار یورپی دفاع کی اہمیت کوتسلیم کرتا ہے اور یہ بین البراعظمی اورعالمی سطح پرسلامتی میں مثبت کردار کا بھی عکاس ہے اور نیٹواتحاد کے مشن کی تکمیل کا ذریعہ بھی ہے۔

امریکہ اوربرطانیہ نے 15 ستمبر کوآسٹریلیا کے ساتھ ایک نئے ہند بحرالکاہل سکیورٹی اتحاد کا اعلان کیا تھا۔ اس ڈیل کے تحت آسٹریلیا کو جوہری طاقت سے لیس آبدوزیں مہیا کی جائیں گی۔

اس ڈیل کوخطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرونفوذ کا مقابلہ کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا جا رہاہے۔ اس نئے سکیورٹی اتحاد نے فرانس اور یورپی یونین کو حیرت زدہ کردیا تھا۔

امریکا اور برطانیہ سے نیا سودا طے پانے کے بعد آسٹریلیا نے فرانس کے ساتھ 12 روایتی ڈیزل الیکٹرک آبدوزیں تیارکرنے کا معاہدہ ختم کردیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان 27 ارب ڈالرمالیت کا یہ معاہدہ 2016 میں طے پایا تھا۔

کورونا ویکسین پر امریکہ کا پہلا حق قرار دیے جانے پر فرانسیسی حکومت برہم

فرانس نے اس پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ اس نے امریکہ پراس معاملے میں ملی بھگت اور آسٹریلیا پردھوکہ دہی کا الزام عائد کیا تھا۔ فرانس نے اسی وقت امریکہ اور آسٹریلیا میں متعیّن اپنے سفرا کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا تھا۔ تاریخ میں پہلا موقع تھا کہ فرانس نے واشنگٹن سے اپنے سفیر کو واپس بلایا تھا۔


متعلقہ خبریں