کراچی میں تھوڑی سی بارش کا بڑا امتحان، کئی علاقوں میں پانی جمع

مون سون نے تباہی مچادی، بجلی کی بندش نے شہریوں کی تکالیف بڑھا دیں

کراچی میں بارش کے باعث لوگوں کا ایک بار پھر بڑا امتحان شروع ہو گیا، برساتی نالے ابل پڑے، جگہ جگہ  ٹریفک جام اور 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

تیز بازش سے کراچی کی ناگن چورنگی پر کئی فٹ پانی جمع ہونے سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ شہری پانی میں موٹرسائیکل گھسیٹتے رہے۔

ناگن چورنگی کے قریب فرنیچرمارکیٹ میں بارش کا پانی داخل ہو گیا جس سے دکانداروں کا قیمتی فرنیچر خراب ہوگیا۔

تیز بارش کے باعث ضلع وسطی کی متعدد مرکزی شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ،شاہراہ عثمان پر حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹاون کا برساتی نالہ ابل پڑا۔

فور کے چورنگی سے دومنٹ چورنگی تک سڑک کا زیر آب آ گئی، شاہراہوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو کر رہ گئی۔

ادھر 250 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

اولڈ صدر ، لیاری ، کورنگی ، محمود آباد ،ملیر،شاہ فیصل کالونی  اورسعود آباد کے علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی ہے،بارش کے پانی کی نکاسی مکمل ہوتے ہی بجلی بحال کردی جائے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں  سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 70ملی میٹر ریکارڈ  کی گئی، نارتھ کراچی میں 49.2،پی اے ایف فیصل بیس میں 47ملی میٹر،ناظم آباد میں 20.2،سعدی ٹاون میں 16.1اوریونیورسٹی روڈمیں14ملی میٹر بارش ہوئی۔

اورنگی ٹاون میں 10.6،قائدآباد میں 8.5،گلشن حدید میں 5ملی میٹر،ڈی ایچ اے فیزٹومیں 7،پی اے ایف مسروبیس 5 ،کیماڑی میں 2.7،معمارمیں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید دو روز کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں