کراچی میں آج پھر بارش برسے گی: محکمہ موسمیات نے بتا دیا


کراچی: شہر قائد کے باسی ایک مرتبہ پھر بارش کے لیے تیار ہو جائیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشن گوئی کردی ہے۔

کراچی میں تھوڑی سی بارش کا بڑا امتحان، کئی علاقوں میں پانی جمع

ہم نیوز کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ نے کہا ہے کہ آج بروز جمعہ بھی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش کا امکان ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق جمعہ کے بعد ہفتے کی صبح بھی بادلوں کے برسنے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

کراچی میں گزشتہ روز ہونے والی بارش نے لوگوں کا کڑا امتحان لیا ہے۔ بارش کے دوران سڑکیں تالاب اور گلیاں دریا کا روپ دھار گئیں ، سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہوا اور جگہ جگہ ہونے والے ٹریفک جام کی وجہ سے لوگوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا جب کہ کے الیکٹرک کے 250 سے زائد فیڈرز حسب روایت ٹرپ کر گئے تو نتیجتاً شہریوں کی اذیت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔

ضلع وسطی کے علاقے ناگن چورنگی میں جمع ہونے والے کئی فٹ پانی کے باعث درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ موٹرسائیکل سوار اپنی گاڑیوں کو گھسیٹتے رہے۔ اسی علاقے کی فرنیچر مارکیٹ میں داخل ہونے والے پانی سے لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی فرنیچر خراب ہو گیا۔

ہم نیوز کے مطابق شاہراہ عثمان پر واقع حیدری مارکیٹ ، ناگن چورنگی اور شاد مان ٹاون میں مکینوں کی اذیت بہت زیادہ بڑھ گئی کیونکہ اس علاقے کا برساتی نالہ ابل گیا۔ اس وجہ سے ٹریفک کی روانی نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔

کراچی میں بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین دوڑے گی: وزیراعظم سنگ بنیاد رکھیں گے

کراچی کے علاقوں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی ، نیو کراچی ، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، اولڈ صدر ، لیاری ، کورنگی ، محمود آباد ،ملیر، شاہ فیصل کالونی اورسعود آباد سمیت دیگر علاقہ مکینوں کے مطابق ان کے علاقے بجلی سے محروم ہیں۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق احتیاطی تدابیر کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند کی گئی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ صورتحال میں بہتری آتے ہی بجلی بحال ہونا شروع ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 70ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ نارتھ کراچی میں 49.2، پی اے ایف فیصل بیس میں 47 ملی میٹر، ناظم آباد میں 20.2، سعدی ٹاون میں 16.1 اور یونیورسٹی روڈ میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

سی پیک کراچی آرہا ہے، وفاقی وزیر کا اعلان

اعداد و شمار کے مطابق اورنگی ٹاون میں 10.6ملی میٹر، قائدآباد میں 8.5 ملی میٹر، گلشن حدید میں 5 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیزٹومیں 7 ملی میٹر، پی اے ایف مسروبیس میں 5 ملی میٹر ،کیماڑی میں 2.7 میٹر اور گلشن معمارمیں 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں