پی ٹی آئی مشکل وقت میں سیاست نہ کرے، مرتضیٰ وہاب

پی ٹی آئی مشکل وقت میں سیاست نہ کرے، مرتضیٰ وہاب

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) مشکل وقت میں سیاست نہ کرے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں بارش کی صورتحال پر ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی سڑکوں کے کونے پر بھی جو پانی جمع ہے وہ بھی کلیئر کر رہے ہیں اور میں بھی اس وقت کراچی کی سڑکوں پر موجود ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں ان علاقوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔ جہاں پر ایک صاحب نے کھڑے ہو کر ویڈیو بنائی تھی وہ علاقہ ایک گھنٹے میں کلیئر ہو گیا تھا لیکن ان صاحب میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ دوبارہ وہاں جا کر ویڈیو بناتے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شارع فیصل پر لائینوں کو چوک کرنے کے نشانات ملے ہیں۔ کراچی میں پانی جمع نہ ہونے کا کریڈٹ وفاق کو دینے والے اب کہاں ہیں ؟ کوئی اچھی چیز ہو تو کہتے ہیں پی ٹی آئی نے کیا اور کچھ غلط ہوتو معاملہ سندھ حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ تو تقریر کر کے چلے گئے لیکن میں اور عملہ کام کر رہے ہیں۔ شارع فیصل کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور میں آج سارا دن سڑکوں پر تھا جہاں واٹربورڈ کی ضرورت تھی وہ آ رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین دوڑے گی: وزیراعظم سنگ بنیاد رکھیں گے

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی میں کراچی کی انتظامیہ کراچی میں نظر نہیں آتی تھی۔ اب سب کراچی کے بہترین مفاد میں کام کر رہے ہیں لیکن جو لوگ منفی پروپیگنڈا کرتے ہیں مجھے سمجھ نہیں آتا کہ انہیں یہ سب کر کے کیا ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک سے متعلق شکایات کا ازالہ وفاقی حکومت کو کرنا چاہیے۔ اربن فلڈنگ نے اسلام آباد میں تباہی مچا دی تھی لیکن وہاں پر پی ٹی آئی کے لوگ سیاست کرتے ہوئے نظر نہیں آئے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عملہ گزشتہ 14 سے 15 گھنٹوں سے سڑکوں پر کام کر رہا ہے اور میں بھی اس وقت عملے کے ہمراہ ہوں تاکہ ان کو بتا سکوں کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں سے کہوں گا کہ مشکل وقت میں سیاست نہ کریں اور ہمیں اس مشکل وقت میں مل کر کام کرنا چاہیے۔


متعلقہ خبریں