نیشنل ٹی 20: حسن علی عمید آصف سے الجھ پڑے


نیشنل ٹی 20 کپ میں سینٹرل پنجاب کے حسن علی بلوچستان کے کھلاڑی عمید آصف سے الجھ پڑے۔

سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی ٹیموں کے مابین راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ کے دوران اننگز کے آخری اوور میں عمید آصف نے حسن علی کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

عمید آصف نے حسن علی کو تین چھکے لگائے جو حسن علی برداشت نہ کر سکے اور عمید آصف سے الجھ پڑے۔

گراونڈ میں موجود امپائرز اور ساتھی کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرایا۔

خیال رہے کہ کل کھیلے گئے دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو دو وکٹوں شکست دے دی تھی۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کی جانب سے دیا گیا 143 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

بابر اعظم کو کیسا کپتان ہونا چاہیے ؟

سینٹرل پنجاب کی جانب سے کپتان بابراعظم نے شاندار بیٹنگ کی انہوں نے 45 گیندوں پر 65 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

بلوچستان کی جانب سے جنید خان نے تین، عاکف جاوید اور کاشف بھٹی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل بلوچستان کے کپتان امام الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بلوچستان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز اسکور کئے۔ عمید آصف 32 اور کاشف بھٹی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے عثمان قادر نے چار جب کہ وہاب ریاض نے دو اور فہیم اشرف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


متعلقہ خبریں