کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی معمولی بات نہیں، شہباز شریف


راولپنڈی: مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی معمولی بات نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے شاہینوں کو سلام پیش کرتا ہوں اور کنٹونمنٹ انتخابات پر مسلم لیگ ن کی جانب سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی نے لاہور کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے تاہم مسلم لیگ ن نے لاہور میں بھی شاندار فتح حاصل کی۔ کنٹونمنٹ انتخابات میں کامیابی معمولی بات نہیں ہے۔ سیالکوٹ میں کہا تھا کہ کنٹونمنٹ وہ جگہ ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آنکھ کھولی تھی لیکن تحریک انصاف کو کنٹونمنٹ انتخابات میں ابدی نیند سلا دیا گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے صاف اور شفاف انتخابات ہوئے اور 2023 میں پی ٹی آئی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔ آج سوا تین سال بعد لوگوں کی آنکھیں کھل گئی ہیں لیکن الیکشن کمیشن کو آئندہ بھی شفاف انتخابات کرانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا لیکن سلیکٹڈ وزیر اعظم کے ہاتھوں سوا 3 سال میں ملک تباہ ہونے پر آ گیا ہے۔ آج غریب آدمی کو دوائی نہیں مل رہی۔ آج آٹا، دال اور چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کر چکی ہے، فواد چوہدری

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ بجلی کے بل غریب عوام پر بجلی بن کر حملہ کر رہے ہیں اور وزیر اعظم آج بھی کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے پاکستان کو معاشی طور پر برباد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قرضے لے کر پاکستان کو بدحال کر دیا ہے اور مہنگائی نے قوم میں احتجاجی صورتحال پیدا کردی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا جبکہ مسلم لیگ ن نے 2014 سے 2018 کے درمیان 50 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈالر کو آج پر لگ چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے قوم کا تیل نکال دیا اور کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں۔


متعلقہ خبریں