سرکلر ریلوے دنیا بھر میں سفر کا مقبول ذریعہ


سرکلر ریلوے یا سرکلر لائن بڑے شہروں میں اہم سفری ذریعہ ہے، دنیا کے کن بڑے شہروں میں یہ سہولت دستیاب ہیں، اس رپورٹ میں دیکھتے ہیں۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 2 ریلوے لائنز سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔ 1984 میں لائن ٹو کے نام سے سروس شروع کی گئی۔ 23 کلومیٹر طویل اس ٹریک پر 18 اسٹیشنز ہیں۔

مسافروں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر لائن 10 کے نام سے ایک اور ٹرین سروس شروع کی گئی۔57کلومیٹر طویل اس ٹریک پر 45 اسٹیشنز ہیں۔
چین کے شہروں شنگھائی اور گوانگ ژو میں بھی دو دو سرکلر لائنز پر روزانہ لاکھوں مسافر سفر کرتے ہیں۔

روسی دارالحکومت ماسکو میں دو سرکلر سسٹم کام کر رہے ہیں جبکہ تیسرے پر کام جاری ہے۔ سرکل لائن 1950 میں شروع کی گئی۔ ماسکو سینٹرل سرکل نے 1911 میں کام شروع کیا جب کہ انڈر گراؤنڈ منصوبے لارج سرکل لائن پر کام جاری ہے۔

برطانوی دارالحکومت لندن کی سرکل لائن پر 1863 میں کام شروع کیا گیا۔ مختلف ترقیاتی کاموں اور توسیع کے اب یہ ٹریک 27 کلومیٹر طویل ٹریک اور 36 اسٹیشنز پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی شہری میلبرن میں سٹی سرکل فری ٹرام چلتی ہے، یہ سروس 1993 میں شروع ہوئی۔ میلبرن میں 1888 میں انر سرکل لائن اور 1891 میں آؤٹر سرکل لائن کے نام سے سروس شروع کی گئی تھی۔ یہ سروس 1981 میں بند کر دی گئی۔ آسٹریلوی شہر سڈنی میں سٹی سرکل کے نام سے سروس جاری ہے۔ یہ ٹرین سروس 1926 میں شروع کی گئی تھی۔

ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں 2019 میں سٹی سرکل لائن کے نام سے سروس شروع کی گئی۔ 10 کلومیٹر طویل ٹریک پر 17 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

جرمن دارالحکومت برلن میں رنگ بان سروس دنیا کی قدیم ترین سرکلر ٹرین سروس ہے۔ یہ منصوبہ 1867 میں شروع ہوا اور اس میں بار بار توسیع ہوئی۔ جرمنی کے اتحاد کے بعد اسے 1993 میں موجودہ شکل دی گئی۔

جاپان میں جدید ترین سرکلر سروس 2008 میں اوساکا میں شروع کی گئی۔یہ منصوبہ تیز رفتار ٹرینوں اور آرام دہ سفر کے لیے معروف ہے۔ 21 کلومیٹر طویل ٹریک پر 19 اسٹیشنز ہیں۔

ناروے کے شہر اوسلو میں لوپ لائن کے نام سے سرکلر ٹرین سروس 2017 میں شروع ہوئی۔5 کلومیٹر طویل ٹرین پر 3 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

بھارت کے تین شہروں ممبئی، نئی دہلی اور کولکتہ میں سرکل ریلوے پر روزانہ لاکھوں شہری سفر کرتے ہیں۔
دنیا کے سب سے گنجان آباد شہر ممبئی میں ریلوے لائنز کا پورا جال ہے جسے ممبئی سبربن ریلوے کا نام دیا گیا ہے۔ اس سسٹم میں سرکلر لائن سمیت کل 7 لائنز ہیں۔ ان لائنز کے ذریعے 457 کلومیٹر طویل ٹریکس پر روزانہ 76 لاکھ شہری سفر کرتے ہیں۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں 1975 میں دہلی رنگ ریل سروس شروع کی گئی تاہم جدید ترین سسٹم دہلی میٹرو کے بعد اس کے استعمال میں کمی آئی ہے۔ دہلی میٹرو سسٹم کے تحت روزانہ 336 ٹرینیں دہلی اور اس کے ارد گرد کے اضلاع میں 348 کلومیٹر کے ٹریک پر لاکھوں مسافروں کو پہنچاتی ہیں۔ 10 لائنز پر مشتمل اس ٹریک میں 254 اسٹیشنز ہیں۔

کولکتہ سرکلر ریلوے نے 1984 میں کام شروع کیا۔ 36 کلومیٹر طویل ٹریک پر 20 اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ میں چین کے تعاون سے چٹاگانگ میٹرو ریل کے نام سے سروس 2013 میں شروع ہوئی۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں بھی اب ایسے ہی منصوبے پر کام جاری ہے۔


متعلقہ خبریں