ترکی کا انٹرنیشنل صوفی میلہ سائرہ پیٹر نے لوٹ لیا


 پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے مولانا رومی کا صوفیانہ کلام فارسی اور ترکش میں گا کر ترکی میں منعقد کردہ انٹرنیشنل صوفی میلہ لوٹ لیا۔

پاکستانی ترکی ڈراموں کے مداح ہیں اور ترکی والے سائرہ پیٹر کے صوفی اوپیرا کے دیوانے ہو گئے۔ اوپیرا اسٹار سائرہ پیٹر کو پرفارمنس کے بعد ترکی کے باسییوں نے ان کا کھڑے ہوکر استقبال کیا۔

اس موقع پر آڈیٹوریم تالیوں سے گونجتا رہا۔ سائرہ نے بغیر کسی وقفے کے ڈیڑھ گھنٹے تک مختلف زبانوں میں پرفارم کیا ۔

موسیقی کے دیوانوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔ترکی کی حکومت کی جانب سے مولانا رومی کے مزار کے سجادہ نشین کی جانب سے خصوصی شیلڈ اور مولانا رومی کی باسری کا تحفہ بھی پیش کیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ صوفی مولانا جلال الدین رومی کے جشن ولادت کے موقع پر ترکی کے شہر کونیا میں اٹھارواں شاندار انٹرنیشنل صوفی میوزک فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔

اس سال پاکستانی نژاد برطانوی صوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر کو لندن سے خصوصی طور پر آواز کا جادو جگانے کے لیےترکی مدعو کیا گیا۔

صوفی میوزک میلے میں لبنان۔اردن۔تنزانیہ۔کرغستان۔آذربائیجان۔ایران۔انگلینڈ اور دیگر ممالک کے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

فیسٹیول کا انعقاد ترکی کے شہر کونیا کے محکمہ ثقافت کی جانب سے کیا گیا۔

صوفی میلے میں عالمی شہرت کے حامل فنکار ایک ہفتے تک دنیا بھر کے صوفی شعراء کے کلام کا جادو جگاتے رہے۔

گلوکارہ زاہدہ وہاب، حنا الحمد، رجب سلیمان، سلامت صدیقہ اور ترکی کے مشہور فنکاروں نے رقص اور موسیقی کے رنگ بکھیرے۔


متعلقہ خبریں