افغانستان میں ظاہر شاہ کے دور کا آئین عارضی طور پر بحال کرنیکا فیصلہ

افغانستان میں ظاہر شاہ کے دور کا آئین عارضی طور پر بحال کرنیکا فیصلہ

کابل: افغانستان کے سابق بادشاہ ظاہر شاہ کے دور کا آئین ملک میں عارضی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ افغان عبوری حکومت نے کیا ہے۔

افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے، حقیقت پسندانہ سوچ کا مظاہرہ کریں: وزیر خارجہ

افغانستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق عبوری حکومت کی وزارت انصاف کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عبوری حکومت سابق بادشاہ ظاہر شاہ کے دور کا افغانستان کا آئین عارضی طور پر نافذ کرے گی۔

وزارت انصاف کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سابق بادشاہ ظاہر شاہ کے دور کا آئین عارضی طور پر بحال کیا جائے گا لیکن اس کی وہ شقیں جو شریعت سے متصادم ہوں گی وہ نافذ العمل نہیں ہوں گی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغان وزارت انصاف کے عبوری وزیر عبدالحکیم نے چین کے سفیر وانگ یو (Wang Yu) سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ طالبان حکومت جلد ہی ظاہر شاہ کے دور والا آئین عارضی طور پر نافذ کرے گی۔

انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ طالبان ان بین الاقوامی قوانین اور دستاویزات کا احترام کرتے ہیں جو شریعت اور امارت اسلامی کے قوانین سے متصادم نہیں ہیں۔

چین کا افغانستان سے معاشی پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ

افغانستان کے عبوری وزیر نے چین کے سفیر سے کہا کہ طالبان تمام ممالک سے بہتر تعلقات کا قیام چاہتے ہیں۔ انہوں یقین دہانی کرائی کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے سفیر نے بات چیت میں کہا کہ وہ اس بات پر خوش ہیں کہ طالبان اپنے وعدوں کی تکمیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وعدوں کی تکمیل سے افغانستان کو درپیش معاشی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

چین کے سفیر نے ملاقات میں یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ چین افغان حکومت پر عائد کردہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے بھی کوشش کرے گا۔

امریکا افغانستان کے 9 ارب ڈالر جاری کرے، شاہ محمود

افغانستان کے بادشاہ ظاہر شاہ کا طویل دور حکمرانی رہا ہے۔ وہ 1933 سے 1973 تک افغانستان کے حکمران رہے تھے۔ ظاہر شاہ کا انتقال 2007 میں ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں