ماں اور بیٹے کی 70 سال بعد ملاقات، شکریہ سوشل میڈیا

ماں اور بیٹے کی 70 سال بعد ملاقات، شکریہ سوشل میڈیا

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں سوشل میڈیا کی مدد سے ماں اور بیٹے کی 70 سال بعد ملاقات ہوئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلہ دیش میں 82 سالہ شخص کی اپنی 100 سالہ ماں سے ملاقات کے موقع پر ماحول ناقابل یقین ہو گیا جب ماں نے اپنے بیٹے کو 70 سال بعد گلے لگایا۔ کئی عشروں کے بعد ہونے والی اس ملاقات کے مناظر دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے گاؤں کے لوگوں کی آنکھوں سے بھی آنسو چھلک رہے تھے۔

عبدالقدوس منسی نامی اس شخص کو 10 برس کی عمر میں اپنے چچا کے ساتھ رہنے بھیج دیا گیا تھا لیکن وہاں سے بھاگ جانے کے بعد ان کا اپنے خاندان سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس وقت عبدالقدوس کی پرورش کی ذمہ داری ان کی دو بہنوں نے لی تھی۔

عبدالقدوس نے کہا کہ یہ میری زندگی میں سب سے زیادہ خوشی کا دن ہے۔

اپریل میں ایک تاجر نے عبدالقدوس کی ایک ویڈیو فیس بک پر پوسٹ کی تھی جس میں وہ اپنے خاندان کی تلاش میں مدد کی اپیل کر رہے تھے۔ عبدالقدوس کو اپنی عمر کے ابتدائی 10 برسوں کے بارے میں اپنے، والدین اور گاؤں کے نام کے علاوہ کچھ بھی یاد نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: داڑھی مسئلہ ہے نہ اسمارٹ فون، جو کرنا ہے کریں

اب عبدالقدوس خود تین جوان بیٹوں اور 5 بیٹیوں کے والد ہیں۔ انہوں نے اپنے خاندان سے ملنے اور عشروں پر محیط جدائی کو ختم کرنے کے لیے مغربی شہر راج شاہی سے لگ بھگ 350 کلومیٹر سفر طے کیا۔

گذشتہ ہفتے کے آخر میں عبدالقدوس کی اپنی والدہ سے ملاقات ہوئی۔ والدہ اور بہن نے قدوس کو ہاتھ پر موجود نشان سے پہچانا۔

عبدالقدوس نے بتایا کہ میری ماں بہت ضعیف ہیں اور وہ ٹھیک طرح سے بول بھی نہیں پاتیں۔ وہ مجھے دیکھنے اور اپنی آغوش میں لینے کے بعد دیر تک روتی رہیں۔ میں نے انہیں کہا کہ آپ کا بیٹا اب واپس آگیا ہے، اب آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

عبدالقدوس کے بھتیجے شفیق الحسن نے بتایا کہ وہ دونوں ایک دوسرے کے ہاتھ تھام کر دیر تک روتے رہے۔


متعلقہ خبریں