کورونا وائرس سے بچانے والا اسپرے تیار

کورونا وائرس سے بچانے والا اسپرے تیار

لندن: برطانیہ میں کورونا وائرس سے بچانے والا اسپرے تیار کر لیا گیا ہے جسے ناک میں ڈالا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سائنسدانوں نے ناک میں ڈالے جانے والے اسپرے کو فوکس ویل کا نام دیا ہے جو کورونا وائرس کے چنگل میں آسانی سے آجانے والے افراد کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

اس اسپرے کو بھارت میں 600 تندرست ایسے طبی کارکنان پر آزمایا گیا ہے جو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مدد کر رہے تھے۔ ناک کے دونوں نتھنوں میں ایک مرتبہ اسپرے کرنے کے بعد یہ 8 گھنٹے تک کسی وائرس کے حملے کو محفوظ رکھتا ہے۔

اسپرے کو تیار کرنے والے برطانوی سرجن اور اسٹارٹ اپ کے سربراہ راکیش اوپل نے اپنی ایجاد کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ویکسین ہی اس وبا سے سب سے مؤثر تحفظ فراہم کرتی ہے تاہم انہوں نے اس ناک کے اسپرے کو حفاظتی لباس جیسا اہم قرار دیا ہے۔

ابتدائی تجربات سے انکشاف ہوا کہ ایک اسپرے کا اثر 8 گھنٹوں تک رہتا ہے اور اسپرے کی افادیت 66 فیصد ظاہر ہوئی یعنی 66 فیصد افراد کورونا کی وبا سے محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: ہر 3میں سے ایک مریض کو لانگ کوویڈ کے سامنے کا انکشاف

آکسفورڈ یونیورسٹی کی پروفیسر اینجیلا رسل نے کورونا وائرس روکنے والے ناک کے اسپرے کو ایک اہم ایجاد قرار دیا۔ اگرچہ وہ اس تحقیق اور ایجاد کا حصہ نہیں رہیں لیکن انہوں نے کہا کہ یہ اسپرے دنیا کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرسکتا ہے۔

ڈاکٹر راکیش کے مطابق اس چھوٹے سے اسپرے کو اپنے بیگ میں رکھا جاسکتا ہے اور دن میں کئی بار استعمال کرنا بہت آسان ہوجاتا ہے۔ ان کے مطابق اسپرے میں شامل طاقتور ترین اجزا کورونا وائرس کو صرف 30 سیکنڈ میں تباہ کر دیتے ہیں اور ناک کے اندر کئی گھنٹے تک موجود رہتے ہیں۔


متعلقہ خبریں