پاک فوج کا آپریشن:کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈرشیرخان ہلاک

فائل فوٹو


پاک فوج نے ڈیرہ اسماعیل کےعلاقے ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرآپریشن کیا ہے۔ کامیاب آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر خوازہ دین عرف شیر خان ہلاک ہوگیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سکندر جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔

دہشتگردوں کی خفیہ پناہ گاہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ شہید ہونے والے پاک فوج 27 سالہ کیپٹن سکندر کا تعلق پاکپتن سے تھا۔

خیال رہے کہ ایک ہفتہ قبل پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقے میرعلی میں کامیاب آپریشن کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر صفی اللہ ہلا ک ہوگیا ہے۔ دہشت گرد صفی اللہ کا تعلق میرعلی سے تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد فروری میں غیر سرکاری تنظیم کی 4 خواتین کے قتل میں ملوث تھا۔ دہشتگرد 2020 میں ایف ڈبلیو او انجینئرز کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔

اس سے قبل14 ستمبر کو بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے دو دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا۔

دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پراآپریشن کیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے۔

گزشتہ ماہ28 اگست کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپین وام میں سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا تھا جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 


متعلقہ خبریں