شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈینگی قابو کرنے کا گرُ بتادیا


اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ڈینگی پرقابو پانے کے گرُ بتا دیئے۔

شہبازشریف نے 2014میں تیارکردہ ڈینگی کنٹرول کرنے کے ایس اوپیز شیئر کردیئے، اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی نوعیت کی گورننس کا تقاضا کرتے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لیے ہمارے تجربات سے فائدہ اٹھا کرعمل کیا جائے، امید ہے حکومت ہمارے طریقہ کار پرعمل کرکے ڈینگی پر قابو پائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ڈینگی سے2 اموات

یاد رہے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ اب ڈینگی نے بھی سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہوراور پشاور میں ڈینگی کے سینکڑوں کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جب کہ ملک میں 6 افراد جانوں کی بازیاں بھی ہار چکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق سندھ میں بھی بارشوں کے بعد ڈینگی کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں ماہ سندھ میں 338 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 239 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔ شہر قائد میں ڈینگی سے متاثرہ 4 افراد اپنی جانوں کی بازیاں بھی ہار چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہوشیار: اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور میں ڈینگی پھیلنے لگا

جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ دو مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی ڈینگی کیسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اعداد و شمار کے تحت اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی سے متاثرہ 39 سے زائد مریض زیر علاج ہیں۔


متعلقہ خبریں