دبئی ایکسپو 2020: دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی میلے کا آغاز ہو گیا


متحدہ عرب امارات میں دنیا کے سب سے بڑے ثقافتی میلے دبئی ایکسپو 2020  کا باضابطہ آغازکردیا گیا ہے۔

ایکسپو چھ مہینے تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر کے ممالک اپنی اپنی پویلین کے ذریعے اپنے آرٹ، کلچر اور ایجادات کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔


افتتاحی تقریب دنیا کی سب سے بڑی 360 ڈگری پروجیکشن سکرین کے ذریعے دکھائی گئی ہے۔ یہ الوصل پلازا کے 130 میٹر چوڑے اور 67.5 میٹرطوی گنبد کے نیچے منعقد کی گئی۔

یہ تقریب یو اے ای اور دنیا بھر کے دیگر ممالک میں 430 مقامات پر لائیو دکھائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی ایکسپو 2020 یکم اکتوبر سے شروع ہو گا

اس عالمی نمائش کے موقع پرامارت دبئی نے شہر کے ارد گرد تین مقامات فریم، دبئی فیسٹیول سٹی اور پام جمائرہ پر آتش بازی کا اہتمام کیا۔

دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمدآل مکتوم نے رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز کیا، حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید بھی اس تقریب میں شریک تھے۔

جبکہ اماراتی وزیر شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار 192 ممالک کا کاروباری اور ثقافتی اجتماع منعقد ہورہا ہے۔ ہم ایکسپو میں شرکا کودنیا کی آبادی کے درمیان تعاون اوراقدامات کے موقع کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

دبئی حکام دنیا کے اس بڑے میلے میں 25 ملین سیاحوں کے آنے کی توقع کر رہے ہیں۔

عالمی نمائش میں موسمیاتی تبدیلی، انسانی رہائش گاہوں کو زیادہ پائیدار بنانے، ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنے، تعلیم کا مساوی حق اور صحت جیسے اہم عالمی مسائل پر بات چیت ہو گی۔

متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے الگ الگ پویلین تیار کیے گئے ہیں۔

دبئی ایکسپو2020 مشرق اوسط، افریقا اور جنوبی ایشیا (ایم ای اے ایس اے) کے خطے میں پہلی عالمی نمائش ہے۔ یہ یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022 تک جاری رہے گی اور 190 سے زیادہ ممالک اس میں حصہ لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں