لاپتہ شخص خود کو ہی تلاش کرتا رہا


ترکی میں  گمشدہ شہری انجانے میں اسی گروپ میں شامل ہو گیا جو اس کی تلاش کو نکلے تھے، کئی گھنٹوں بعد معلوم ہوا کہ سب لوگ تو اسی کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکی میں برسہ کے علاقے میں بیہان متلو نامی شہری اپنے دوستوں کے ساتھ  شراب نوشی کے بعد جنگل کی طرف نکل گیا۔

رات گئے گھر نہ پہنچنے پر بیہان متلو کی اہلیہ نے مقامی حکام کو رپورٹ درج کرائی، چنانچہ پولیس نے شہری کی تلاش میں ایک ٹیم روانہ کی۔

جنگل میں 50 سالہ بیہان کی ملاقات ان ہی کی تلاش میں نکلے ہوئے لوگوں سے ہوئی اور وہ بھی اس گروہ کے ساتھ شامل ہو گیا۔ لیکن اسے کئی گھنٹوں تک معلوم نہیں ہو سکا کہ وہ اسی کو تلاش کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق جب امدادی کارکنوں نے بلند آواز میں بیہان کا نام پکارنا شروع کیا تو اسے معلوم ہوا اور اس نے کہا کہ یہ تو میں ہی ہوں۔

اس کے بعد پولیس نے وہیں ان کا بیان ریکارڈ کرایا اور پھر اپنی گاڑی میں بٹھا کر گھر تک چھوڑنے گئی۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ پولیس نے بیہان متلو پر کوئی جرمانہ بھی عائد کیا یا نہیں۔


متعلقہ خبریں