نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال کر ان پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔

ممبئی حملوں کے متعلق نواز شریف کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ اس سے بھارت اوراسرائیل کو فائدہ ہوا ہے، پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش ہو رہی ہے،  بھارتی لابی یہ بیان ہمارے خلاف استعمال کرے گی جس کی وجہ سے ہم فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے بلیک لسٹ میں جا سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ نوازشریف پانامہ کیس میں جواب دے نہیں سکے تو فوج اور عدلیہ پر حملے شروع کردیئے، ڈان لیکس اور ختم نبوت ایک ہی سلسلے کی کڑی نظر آرہی ہے، نواز شریف خود کو بچانے کے لئے انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ سے مدد مانگ رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سرل المیڈا کو خاص طورپر ملتان بلا کر انٹرویو دیا گیا، نواز شریف بار بار کہہ رہے ہیں کہ جو کچھ کہا ہے اس پر قائم ہوں جبکہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ بھارتی میڈیا نے بیان توڑ مروڑ کرپیش کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں ممبئی حملوں کے حوالے سے تفتیش کیوں نہیں کرائی، سابق وزیراعظم 300 ارب روپے بچانے کے لئے جمہوری آدمی بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

چیئرمیں تحریک انصاف نے مطالبہ کیا کہ حسن نواز اورحسین نوازکی بھارتی بزنس مین سجن جندال کے ساتھ کاروبار کی تحقیقات کی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ جون کے پہلے ہفتے میں نیب مقدمات کا فیصلہ آنے والا ہے، آج نواز شریف کو این آر او مل جائے تو انہیں سب کچھ بھول جائے گا۔

انہوں نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی استعفے کا مطالبہ کیا۔


متعلقہ خبریں