عمر شریف کی تدفین وصیت کے مطابق ہو گی، سندھ حکومت

عمر شریف کی میت بدھ کی صبح پاکستان پہنچے گی، جواد شریف

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ مرحوم عمر شریف کی تدفین ان کی وصیت کے مطابق ہو گی۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے عمر شریف کی تدفین کے حوالے سے کہا کہ عمر شریف کی تدفین ان کی خواہش کے مطابق ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عمر شریف کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کرنے کے انتظامات کر رہی ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے لیجنڈ اداکار اور معروف کامیڈین عمر شریف کے بیٹے نے ان کی وصیت اور تدفین کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ سب سے اپیل ہے والد کی مغفرت کے لیے دعا کریں۔ ان کی تدفین کے لیے ابھی انتظامات ہو رہے ہیں اور جیسے ہی فائنل ہو گا اس کا اعلان کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو اور اس حوالے سے سندھ حکومت سے عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں تدفین کی درخواست کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی میت کب پاکستان آئے گی؟

واضح رہے کہ لیجنڈ اداکار،کامیڈی اور اسٹیج کے بے تاج  بادشاہ عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

عمر شریف کو علاج کے لیے 28 ستمبر کو کراچی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکہ روانہ کیا گیا تھا۔ ایئر ایمبولینس نے شیڈول کے مطابق جرمنی میں مختصر قیام کرنا تھا اور ری فیولنگ کرانا تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طویل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف نہ صرف تھکاوٹ محسوس کر رہے تھے بلکہ انہیں ہلکا بخار بھی ہو گیا تھا۔

عمر شریف کو بخار اور تھکاوٹ کے باعث جرمنی کے اسپتال میں داخل  کرایا گیا تھا۔ جرمنی میں ڈائیلیسز کے دوران عمر شریف کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے۔


متعلقہ خبریں