نواز شریف کا فوج کو بدنام کرنا افسوسناک ہے، پرویز مشرف

پرویز مشرف کی سزا معطلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے بیان میں فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو ذمہ دار قرار دیا ہے، فوج کو بدنام کرنا انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

آل پاکستان مسلم لیگ ( اے پی ایم ایل ) کے سربراہ پرویز مشرف نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے غلط وقت پر ممبئی حملوں پر بیان دیا ہے، یقیناً ایسے وقت پر بیان کے پیچھے ضرور کوئی نہ کوئی بات ہوگی۔

پرویز مشرف نے کہا کہ نواز شریف کے مطابق کارگل کی کارروائی پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا جبکہ کارگل پر نواز شریف کو دو بار بریفنگ دی گئی تھی اور نواز شریف نے کہا تھا کہ جنرل صاحب مزا اُس وقت آئے گا جب پاکستان کا جھنڈا سری نگر پر لگائیں گے۔

سابق صدر نے کارگل جنگ سے متعلق مزید کہا کہ کارگل جنگ میں ہم پانچ جگہوں پر بھارتی فوج پر بھاری تھے لیکن نواز حکومت پر بھارت نے امریکہ کے ذریعے دباؤ ڈلوایا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کارگل سے پاکستانی فوج کی واپسی کی سخت مخالفت کی تھی، کارگل سے فوج کا انخلا نواز شریف کا غلط فیصلہ تھا۔

پرویز مشرف نے خود پر لگائے گئے نواز شریف کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے کارگل سے فوج کی واپسی کا الزام مجھ پر لگایا ہے جبکہ نوازشریف نے امریکا جانے کے بعد فوج کی واپسی کا حکم جاری کیا تھا۔


متعلقہ خبریں