عمرشریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری، میت ورثا کے حوالے

عمر شریف کی میت لے کر طیارہ آج صبح کراچی میں لینڈ کرے گا

جرمنی کے مقامی اسپتال نےعمرشریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا اور میت ورثا کے حوالے کر دی ہے۔

عمرشریف کی میت کو مقامی مسجد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں آج ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ ان کی میت کو ممکنہ طور پر کل بروز منگل پاکستان لایا جائے گا۔

جرمن قوانین کے مطابق سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر میت بیرون ملک منتقل نہیں کی جاسکتی۔

ذرائع کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ ملنےکے بعد عمرشریف کی میت کو کمرشل پرواز یا ائیر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان منتقل کرنےکا فیصلہ ہوگا۔

خیال رہےکہ عمر شریف گذشتہ روز جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، امریکا میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کرگئے۔

مرحوم اداکار کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ عمر کی یہ خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے، میں شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سندھ حکومت نے ان کی اس خواہش کو پورا کیا۔

زرین غزل نے کہا کہ میں نے مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کا نماز جنازہ پڑھائیں اور انہوں نے اسے قبول بھی کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں