عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں ادا


برلن: لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی میں ادا کر دی گئی۔

کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ جرمنی کے نیورمبرگ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی جس کے بعد عمر شریف کی میت منگل کو پاکستان روانہ کی جائے گی۔

جرمنی کے مقامی اسپتال نے عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا جس کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ جرمن قوانین کے مطابق سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے بغیر میت بیرون ملک منتقل نہیں کی جا سکتی۔

خیال رہے کہ عمر شریف دو روز قبل جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے، امریکہ میں عمر شریف کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق جرمنی کے اسپتال میں ڈائیلیسز کے 4 گھنٹے بعد عمر شریف کی طبیعت اچانک بگڑی اور دل کا دورہ پڑا جس سے وہ انتقال کر گئے۔

یہ بھی پڑھیں: عمرشریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری، میت ورثا کے حوالے

مرحوم اداکار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ عمر کی یہ خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے، میں شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سندھ حکومت نے ان کی اس خواہش کو پورا کیا۔

زرین غزل کا کہنا تھا کہ میں نے مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کا نماز جنازہ پڑھائیں اور انہوں نے اسے قبول بھی کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں