پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں اختتام پذیر

پاک چین مشترکہ فوجی مشقیں اختتام پذیر

راولپنڈی: پاک چین مشترکہ انسداد دہشت گردی فوجی مشقیں اختتام پذیر ہو گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے تحت انسداد دہشت گردی کی مشترکہ فوجی مشقیں نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم سینٹر پبی میں اختتام پزیر ہوگئیں۔

مشترکہ مشقوں کا مقصد انسداد دہشت گردی کی عالمی سطح پر کوششوں کے لیے تعاون بڑھانا تھا۔

ایس سی او کے پلیٹ فارم پر انسداد دہشت گردی کے حوالے سے یہ پہلی فوجی مشقیں تھیں جو 2 ہفتے تک نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم سینٹر میں ہوئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ فوجی مشقوں میں پاکستانی اور چینی دستوں نے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا جبکہ مشقوں میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، نئے رجحانات اور تکنیکس کا بھی مظاہرہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: معاشرے کی ترقی کیلئے ہر طبقے پر توجہ ضروری ہے، وزیر اعظم

مشقوں کے پہلے مرحلے میں 26 سے 31 جولائی تک ایس سی او کے رکن ممالک نے اپنے علاقوں میں تربیتی مشقیں کیں جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 21 ستمبر سے 4 اکتوبر تک پاکستان میں مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

مشقوں میں مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشنز، ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشنز، سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن، کلوز کوارٹر بیٹل، دھماکہ خیز مواد کی ہینڈلنگ اور میڈیکل انخلاء شامل تھا۔

کمانڈر سینٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔


متعلقہ خبریں