زرداری و نیازی ایک ہو چکے ہیں، شہباز شریف


خانیوال: وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹوں کا آئی جی ہے اگر خیبرپختونخوا میں عوام کی خدمت کی ہوتی تو اپنا منشور لاہور میں پیش نہ کرتے۔

خانیوال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کے پی میں ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے، اپنے دور حکومت میں تحریک انصاف نے نہ کوئی اسکول ، نہ یونیورسٹی اور نہ ہی کوئی اسپتال بنایا۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر کا کہنا تھا کہ آج زرداری و نیازی ایک ہو چکے ہیں، خان نے کے پی کو برباد کر دیا اور زرداری نے کراچی کو کرچی کرچی کر دیا۔

اپنی حکومت کی خدمات گنواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں چھوٹے کسان کی حالت بہتر بنانے کے لیے آسان قرضے دیے، ساڑھے چار سالوں میں دس ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی، ملتان میں کڈنی سنٹر، بچوں کا اسپتال اور ڈائلسز سنٹر بنایا۔

شہبازشریف نے کہا  کہ عمران خان مجھ پر الزام لگاتے ہیں، میں عدالت میں بلاتا ہوں تو نہیں آتے۔

انہوں نے جلسے کے شرکا سے وعدہ کیا کہ وہ زکریا یونیورسٹی کا کیمپس اور ایک انڈر پاس جہانیاں میں، ایک ٹیکنیکل کالج اور نیا اسپتال خانیوال میں جبکہ ملتان میں نشتر اسپتال ٹو بنائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں