شہباز شریف نیب ملزم ہیں،اپوزیشن اپنا لیڈر بدلتی،مذاکرات کر لیتے، فواد چودھری


وزیراطلاعات فواد چودھری نےکہا کہ شہباز شریف نیب ملزم ہیں،اپوزیشن اپنا لیڈر بدلتی،مذاکرات کر لیتے، اپوزیشن کے پاس کرپشن سے پاک کوئی شخص نہیں جسے قائد بناسکے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفت گوکرتے ہوئے فوادچودھری نے کہا کہ چیئرمین نیب سے متعلق آرڈیننس کابینہ بحث میں نہیں آیا۔

اپوزیشن کو اپنا لیڈر آف اپوزیشن تبدیل کرنا چاہیے، شہبازشریف خود نیب کے ملزم ہیں،شہبازشریف سے پوچھ کر اگلا چیئرمین نیب نہیں لگایا جاسکتا،کل اس ضمن میں آرڈیننس آئے گا۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن اپنا قائد حزب اختلاف تبدیل کرلیتی تو ہم اپوزیشن لیڈر سے مذاکرات کرلیتے مگراپوزیشن کے پاس ایسا کوئی لیڈر آف اپوزیشن ہی نہیں ہے جو کرپشن سے پاک ہو۔

وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ قانون شخصیات کیلئے نہیں  اداروں کیلئے بننے چاہئیں، اپنی ذات کو سامنے رکھ کر کوئی بھی قانون سازی نہیں ہوگی۔

چیئرمین نیب کو ہم نے نہیں  پیپلزپارٹی اور مسلم  لیگ ن نے لگایا تھا،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی پر کیسز ہم نے نہیں بنائے، چاہتے ہیں کہ مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو اوراحتساب عدالتیں مضبوط ہوں۔

فواد چودھری نے کہا کہ ای وی ایم پر اپوزیشن کا جواب نہیں آرہا، ان کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے،چاہتے ہیں کہ آئندہ انتخابا ت صاف اور شفاف ہوں ،اپوزیشن کا رویہ سمجھ سے باہر ہے، اپوزیشن سے کہوں گا کہ سنجیدہ کردار ادا کرے۔

پنڈورا پیپرز کے معاملے پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی گئی،پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد پاکستانیوں کے نام شامل ہیں ،پنڈورا پیپرز پر وزیر اعظم انسپکشن سیل بنایا جائے گا جو جائزہ لے گا کہ کس کی آف شور کمپنی قانونی اور کس کی غیر قانونی ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی شخص یہ نہیں چاہے گا کہ اس کا ڈاکٹر ایسا ہو جسے کچھ معلوم نہ ہو، پی ایم ڈی سی کا اسٹرکچر ایسا تھا کہ ہر میڈیکل کالج کا ایک ممبر پی ایم ڈی سی کا حصہ ہوتا تھا۔

زیادہ میڈیکل کالجز بننے کے بعد پی ایم ڈی سی نے کمیٹیاں بنا دی،حالات یہ ہوگئے کہ کچھ ممالک نے پاکستان کی ڈگری ماننے سے ہی انکار کردیا ہے۔

عالمی معیار کو یقینی بنانے کیلئے میڈیکل طلبا کیلئے ٹیسٹ کا نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے،یہ نظام امریکہ سمیت دنیا کے بہت سے ممالک میں کامیابی سے رائج ہے۔

وکیلوں کو ایل ایل بی کے بعد لائسنس کیلئے ایک امتحان دینا پڑتا ہے، اسی طرح اب ڈاکٹرز کو بھی ایم بی بی ایس کے بعد امتحان دینا ہوتا ہے،طویل عرصے سے ڈاکٹرز کے احتجاج کو  عوام کی پذیرائی نہیں مل رہی۔

یہ اعتراض غلط ہے کہ فٹنس چیک نہ کی جائے اور لوگ ڈاکٹر بن جائیں،صحت کے معاملے پر کوئی رسک نہیں لے سکتے،ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ہمارے ڈاکٹرز بین الاقوامی معیار سے کم ہوں،اجلاس میں 5ادویات کی اشتہاری مہم کی منظوری دی گئی ہے،

فوادچودھری کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی،مردم شماری میں نادرا کی بھی مدد لی جائے گی۔

عید میلادالنبی کو عقیدت سے منایا جائے گائے گا،عید میلادالنبی پر قیدیوں کی سزا میں کمی کی جائے گی ۔

فوادچودھری نے بتایا کہ ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے، پاکستان میں گندم ،گنا اور چاول کی پیدوار بہت اچھی ہوئی ،کابینہ نے تمام وزارتوں کو ای پروکیورمنٹ سے جوڑنے کی منظوری دی ہے،

وفاقی کابینہ نے بجلی کا  سیزنل پیکج  بھی منظورکیا، گیس سے بجلی پر شفٹ  ہونے والے صارفین کو 7روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا جائے گا۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ بجلی کی فروخت میں اضافہ ہوا اور گیس کی بچت ہو، جو صارف  گیس کی جگہ بجلی استعمال کرے گا اسے ریلیف دیا جائے گا۔

عالمی منڈی میں گیس کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے، چاہتے ہیں کہ لوگ بجلی استعمال کریں، گیس کم استعمال کریں، ہمارے پاس بجلی وافرمقدار میں موجود ہے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمت 1200ڈالر پر چلی گئی ہے، دالیں ہم نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے منگوا رہے ہیں،فصلوں کی پیدوار کے ساتھ ہماری آبادی میں بھی اضافہ ہورہا ہے، ہماری ایکسپورٹ میں  بھی اضافہ ہورہا ہے،جلد ہی مہنگائی کے اثرات کم ہونا شروع ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں