عوام کو کٹھ پتلی وزیر اعظم سے نجات دلائیں گے، بلاول بھٹو


 مظفر آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اس بار انتخابات میں کٹھ پتلی وزیر اعظم سے نجات دلائیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کے علاقے چڑھوئی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب لوگوں کو ووٹ کے تحفظ کا طریقہ آگیا اور آزاد کشمیر کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی سے محبت ثابت کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام نے دھاندلی کا مقابلہ کیا اور اس بار انتخابات میں کٹھ پتلی حکومت سے نجات دلائیں گے جبکہ 10 اکتوبر کو کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ کرنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کشمیر سے رشتہ سیاسی نہیں بلکہ محبت کا ہے اور حکومت کو پتہ ہی نہیں کہ ہر جیالے کے لیے جیل جانا ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی کا کشمیر سے نسلوں کا رشتہ ہے اور آج بھی کشمیر پاکستان پیپلز پارٹی کا ہے، کل بھی تھا اور رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات کرایا جائے تو کشمیر اور ملک بھر میں ہماری حکومت ہو گی جبکہ پیپلز پارٹی کے جیالے میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں اور اگر ہمارا ساتھ دیں گے تو ہم بےنظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے کیونکہ وفاق اور پنجاب کی طرح آزاد کشمیر میں بھی کٹھ پتلی حکومت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنڈورا پیپرز، جماعت اسلامی کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

بےروزگاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں غربت، مہنگائی اور بےروزگاری کا مقابلہ کیا لیکن وفاقی حکومت نے 16 ہزار افراد کو بےروزگار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی اور غریب کی جماعت ہے لیکن مخالفین اور دھاندلی سے جیتے ہوئے بھی اب منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ ہم بین االاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ عمران خان نے گرین پاسپورٹ کو عزت دلوانے کا وعدہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں