افغان حکومت خواتین کو حقوق فراہم کر رہی ہے، نائب وزیر اعظم

افغان حکومت خواتین کو حقوق فراہم کر رہی ہے، نائب وزیر اعظم

کابل: امارات اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے کہا ہے کہ افغان حکومت خواتین اور اقلیتوں کو حقوق فراہم کر رہی ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق برطانیہ کے خصوصی ایلچی سائمن گاس نے امارات اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر سے ملاقات کی۔ جس میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے برطانیہ کی جانب سے مالی امداد کی پیشکش کی گئی۔

ملاقات میں افغانستان کے نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی اور وزیر خارجہ امیر اللہ متقی بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران برطانوی ایلچی نے امارات اسلامیہ افغانستان میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے مالی امداد کی تقسیم اور ترسیل سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور افغانستان کو عسکریت پسندوں کی آماج گاہ نہ بننے دینے کی یقین دہانی کو سراہا۔

سائمن گاس نے طالبان قیادت سے درخواست کی کہ جو لوگ ملک چھوڑنا چاہتے ہیں انہیں محفوظ راستہ دیا جائے جبکہ اقلیتوں اور خواتین کے حقوق کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان حکومت نے خواتین کو ملازمت پر بلا لیا

اس موقع پر امارات اسلامیہ کے نائب وزیر اعظم ملا عبدالغنی برادر نے افغان عوام کو مالی امداد کی فراہمی کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امارت اسلامیہ اقلیتوں اور خواتین کو تحفظ اور شریعت میں حاصل حقوق فراہم کر رہی ہے۔

نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہونے کی یقین دہانی کئی بار کرا چکے ہیں تاہم عالمی قوتیں اب ہماری حکومت کو تسلیم کر کے منجمد فنڈز کی بحالی پر غور کریں۔


متعلقہ خبریں